ساحل آن لائن - سچائی کا آیئنہ

Header
collapse
...
Home / ساحلی خبریں / چیف جسٹس آف انڈیا کا انتباہ!بٹوارے کے خلاف ہمیشہ الرٹ رہیں

چیف جسٹس آف انڈیا کا انتباہ!بٹوارے کے خلاف ہمیشہ الرٹ رہیں

Sat, 16 Apr 2022 11:39:35    S.O. News Service

نئی دہلی، 16؍اپریل(ایس او نیوز؍ایجنسی)چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمن نے لوگوں سے اپیل کی ہے کہ وہ بٹوارے کے خلاف ہمیشہ الرٹ رہیں - اتحاد کے ذریعے ہی ہم امن اور ترقی حاصل کر سکتے ہیں - رمن نے یہ بات جمعرات کو امرتسر میں پارٹیشن میوزیم کا دورہ کرنے کے بعد کہی- انہوں نے کہاکہ پارٹیشن میوزیم میں تقسیم کے وقت کے تمام واقعات کو دکھایا گیا ہے-رمن نے کہا کہ یہ میوزیم ہمیں ہمارے برے وقت کی یاد دلاتا ہے اور ہمیں ہر قسم کی تقسیم کے خلاف خبردار کرتا ہے- انہوں نے کہا کہ یہ سیاہ باب عوام کیلئے عبرت کا نشان ہونا چاہیے-

سی جے آئی کا یہ بیان ملک کی کئی ریاستوں میں رام نومی کے موقع پر پرتشدد جھڑپوں، ہندو اور مسلم کمیونٹی کے لوگ آمنے سامنے آنے کے درمیان ہے-سی جے آئی نے امرتسر میں جلیانوالہ باغ میموریل کا بھی دورہ کیا اور گولڈن ٹیمپل اور واگھ بارڈر کا بھی دورہ کیا-1947میں دونوں برادریوں کے درمیان تنازعات کی وجہ سے ملک تقسیم ہوا- سی جے آئی رمن نے لوگوں کو اس تقسیم کے خلاف الرٹ اور متحد رہنے کو کہا ہے-دوسری جانب چیف جسٹس آف انڈیا این وی رمن نے جمعہ کے روز کہا کہ ملک کی عدلیہ کام کے بوجھ میں دبی ہے، لہٰذا زیادہ سے زیادہ تعداد میں ججوں کی تقرریاں ضروری ہیں - تلنگانہ میں عدالتی افسروں کی دو روزہ کانفرنس کے افتتاحی پروگرام سے خطاب کے دوران انہوں نے کہا کہ انصاف کی فراہمی اسی وقت ممکن ہے جب ہم نہ صرف خاطر خواہ تعداد میں عدالتیں قائم کریں بلکہ بنیادی ڈھانچہ بھی درست کریں تاکہ لوگ انصاف حاصل کرنے کیلئے عدالت میں آئیں -

اس موقع پرچیف جسٹس این وی رمن نے ججوں پر زور دیا کہ وہ کورونا وبا کے خوف سے باہر آئیں اور عدالت کے معمول کے وقت سے زیادہ وقت دیں تاکہ زیر التوا مقدمات کا تصفیہ کیا جا سکے- انہوں نے کہا کہ جب تک نظام عدل کو اندونی طور پر مؤثر نہیں بنایا جائے گا، اس وقت تک اہداف کو حاصل نہیں کیا جا سکے گا-


Share: